ویلنشیا ٹاؤن ہلاکت کیس:زہر بذریعہ پارسل منگوانے کا انکشاف، خاتون کی سہیلی شاملِ تفتیش
07-28-2026
(لاہور نیوز) ویلنشیا ٹاؤن کے علاقے میں ماں اور تین بچوں کی پراسرار ہلاکت کے کیس میں تفتیش کے دوران اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق، کیس میں دو نئے کردار سامنے آئے ہیں اور بچوں کی والدہ کی سابق کالج سہیلی کو بھی شاملِ تفتیش کر لیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق بچوں کی والدہ نے مبینہ طور پر زہر اپنی ایک دوست کے ذریعے منگوایا۔ ذرائع کے مطابق زہر براہِ راست گھر منگوانے کے بجائے پارسل کے ذریعے جوہر ٹاؤن میں رہائش پذیر اپنی سابق کالج سہیلی کے گھر منگوایا گیا، جہاں سے اسے بعد ازاں ویلنشیا ٹاؤن پہنچایا گیا۔ پولیس کے مطابق مذکورہ خاتون 2005ء میں علینہ کی کالج فیلو رہی ہے۔ دوسری جانب پارسل بھیجنے والا شخص تاحال منظرِ عام سے غائب ہے، جبکہ زہر فراہم کرنے کے الزام میں ملوث ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ادھر فرانزک شواہد کے حوالے سے پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ گھر سے ملنے والے برتنوں پر سب سے زیادہ فنگر پرنٹس بچوں کی والدہ کے پائے گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے، جبکہ تمام حقائق سامنے آنے کے بعد مزید پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا۔