جعلساز مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن، ایکسپائر گوشت تلف، 10 لاکھ روپے جرمانہ

07-28-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب فوڈ اتھارٹی نے جعلساز مافیا کے خلاف کارروائیاں تیز کر دیں۔

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد نے مانگا روڈ، روہی نالہ پر واقع ایک میٹ پروسیسنگ یونٹ پر چھاپہ مار کر بڑے پیمانے پر انسپیکشن کی، کارروائی کے دوران 4 لاکھ کلو فروزن گوشت کی چیکنگ کی گئی، جبکہ 1500 کلو ایکسپائر اور فنگس زدہ گوشت تلف کر دیا گیا، فوڈ اتھارٹی  نے سنگین خلاف ورزیوں پر یونٹ کو 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔ راجہ منصور احمد نے بتایا کہ ایکسپائر گوشت کو تازہ فروزن گوشت کے ساتھ رکھا گیا تھا، جبکہ کولڈ سٹور میں ایکسپائر، خراب اور تازہ گوشت کو الگ الگ محفوظ نہ کرنے کی خلاف ورزی بھی سامنے آئی، مزید برآں ایکسپائر گوشت پر میعادِ استعمال کی واضح لیبلنگ بھی موجود نہیں تھی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ میٹ پروسیسنگ یونٹس فوڈ سیفٹی قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں، کیونکہ عوام کو محفوظ، معیاری اور حلال خوراک کی فراہمی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں  نے کہا کہ جعلساز مافیا کے خلاف 24 گھنٹے کارروائیاں جاری ہیں اور شہری بھی اشیائے خورونوش خریدتے وقت لیبل ضرور پڑھیں، وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق صحت مند پنجاب کے قیام کیلئے بھرپور اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔