ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کا سنگین وائلیشن پر سخت کارروائیوں کی ہدایت

07-28-2026

(لاہور نیوز) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کی ہدایت پر صوبہ بھر میں ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق رواں ماہ مختلف خلاف ورزیوں پر بڑے پیمانے پر چالان کئے گئے، ہیلمٹ نہ پہننے پر موٹرسائیکل سواروں کو ایک لاکھ 88 ہزار سے زائد چالان ٹکٹس جاری کئے گئے، جبکہ دورانِ ڈرائیونگ سیٹ بیلٹ استعمال نہ کرنے پر 34 ہزار سے زائد شہریوں کو جرمانے کئے گئے۔ اسی طرح دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے پر 60 ہزار خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائی کی گئی، جبکہ ون وے کی خلاف ورزی پر 50 ہزار سے زائد چالان کئے گئے، حکام کے مطابق دیگر سنگین ٹریفک خلاف ورزیوں کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ ترجمان  نے بتایا کہ صرف لاہور میں ون وے، سیٹ بیلٹ، موبائل فون کے استعمال اور ہیلمٹ نہ پہننے کی خلاف ورزیوں پر 61 ہزار سے زائد کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر  نے تمام چیف ٹریفک افسران (CTOs) اور ڈسٹرکٹ ٹریفک افسران (DTOs) کو بلاامتیاز انفورسمنٹ جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مؤثر کارروائیوں کے ذریعے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں کمی لائی جائے اور شہریوں میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی بھی بڑھائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں حادثات کا بڑا سبب بنتی ہیں، اس لئے شہری قوانین کی پابندی کریں تاکہ اپنی اور دوسروں کی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔