راوی میں بلوکی اور سدھنائی کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب برقرار، چناب میں طغیانی کم ہونے لگی

07-28-2026

(لاہور نیوز) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے بیشتر دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں بتدریج کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ دریائے چناب میں سیلابی صورتحال میں مسلسل بہتری آ رہی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں کالا باغ اور تونسہ کے مقامات پر اب بھی نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے، جہاں کالا باغ پر پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 1 ہزار اور تونسہ پر 3 لاکھ 85 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا، تاہم تونسہ بیراج پر پانی کا بہاؤ نارمل ہے۔ دریائے چناب میں مرالہ، خانکی، قادرآباد، تریموں اور پنجند کے مقامات پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں سے دریا میں طغیانی میں مسلسل کمی دیکھی جا رہی ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر میلہ کے مطابق دریائے چناب کے بالائی کیچمنٹ میں بارشیں بھی رک چکی ہیں۔ دریائے ستلج اور جہلم میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے، جبکہ دریائے راوی میں بلوکی اور سدھنائی کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔ بلوکی پر 63 ہزار اور سدھنائی پر 53 ہزار کیوسک پانی کا بہاؤ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ جسڑ اور شاہدرہ کے مقامات پر صورتحال معمول کے مطابق ہے۔ دوسری جانب وزیرآباد کے نالہ پلکھو میں اونچے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے، جہاں پانی کا بہاؤ 4 ہزار کیوسک ہے، جبکہ نارووال کے نالہ بسنتر میں ایک ہزار کیوسک پانی کے ساتھ نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے۔ پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بالائی علاقوں میں حالیہ بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوا، تاہم مجموعی طور پر پنجاب میں سیلابی صورتحال میں بہتری آ رہی ہے۔