ٹیلی کام کمپنیوں کو نیٹ ورک، انفراسٹرکچر محفوظ بنانے کیلئے پیشگی اقدامات کی ہدایت

07-28-2026

(لاہور نیوز) وزارتِ آئی ٹی نے مون سون بارشوں اور ممکنہ ہنگامی صورتحال کے پیشِ نظر ملک بھر میں ٹیلی کام سروسز کو بلا تعطل برقرار رکھنے کیلئے متعلقہ اداروں اور کمپنیوں کو ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں۔

وزارت آئی ٹی نے تمام ٹیلی کام کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے نیٹ ورک اور انفراسٹرکچر کو محفوظ بنانے کیلئے پیشگی اقدامات یقینی بنائیں تاکہ شدید بارشوں یا قدرتی آفات کے دوران مواصلاتی نظام متاثر نہ ہو۔ ذرائع وزارت آئی ٹی کے مطابق چاروں صوبوں میں 1122 ایمرجنسی کال سینٹرز مکمل طور پر فعال رہیں گے، جبکہ ان کا مرکزی رابطہ این ڈی ایم اے کے پاس ہو گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہنگامی صورتحال میں 1122 پر موصول ہونے والی تمام کالز پر فوری کارروائی کی جائے گی، جبکہ مؤثر ایمرجنسی رسپانس کو یقینی بنانے کیلئے صوبائی کال سینٹرز مسلسل پی ٹی اے کے ساتھ رابطے میں رہیں گے۔ وزارت آئی ٹی کے ذرائع کے مطابق گزشتہ سال سیلابی صورتحال کے دوران 27.8 ملین ایمرجنسی کالز موصول ہوئیں، جبکہ قدرتی آفات کے دوران ملک بھر میں صرف 7 فیصد ٹیلی کام سائٹس متاثر ہوئیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ متاثر ہونے والی 99 فیصد ٹیلی کام سائٹس کو ایک ماہ کے اندر بحال کر دیا گیا تھا، جس سے ہنگامی حالات میں مواصلاتی نظام کی بحالی کی استعداد کا اندازہ ہوتا ہے۔