غیر نمونہ نمبر پلیٹس کے خلاف کریک ڈاؤن، 15 ہزار 974 گاڑیوں کے چالان

07-28-2026

(لاہور نیوز) چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کی ہدایت پر جعلی، بوگس اور ایکسائز کے مقررہ نمونے کے برعکس نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

سی ٹی او لاہور کے مطابق ٹریفک پولیس نے گزشتہ دو ماہ کے دوران 34 ہزار سے زائد موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی، بوگس نمبر پلیٹس استعمال کرنے پر 88 موٹرسائیکلوں اور لگژری گاڑیوں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے، جبکہ بغیر نمبر پلیٹ یا "اپلائیڈ فار" پر چلنے والی 15 ہزار 974 گاڑیوں کو چالان ٹکٹس جاری کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ فینسی یا ایکسائز کے مقررہ نمونے کے مطابق نمبر پلیٹس نہ لگانے پر 9 ہزار 382 موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی، جبکہ نمبر پلیٹس کو ٹیڑھا میڑھا کرنے، توڑنے یا رجسٹریشن نمبر چھپانے پر 9 ہزار 218 گاڑیوں کے چالان کئے گئے۔ سی ٹی او کے مطابق مہم کے دوران معمولی خلاف ورزیوں پر 50 ہزار سے زائد موٹرسائیکل اور گاڑی مالکان کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی بھی فراہم کی گئی۔ سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ نمبر پلیٹس سے چھیڑ چھاڑ کر کے ای چالان سے بچنے کی کوشش قانون شکنی ہے، کار پر نمبر پلیٹ میں ردوبدل کرنے پر 3 سے 5 ہزار روپے جبکہ موٹرسائیکل پر ایک ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جاتا ہے، جعلی نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں کے خلاف دھوکہ دہی کی دفعات کے تحت مقدمات بھی درج کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ گاڑی ٹرانسفر کروانے کی صورت میں پرانے رجسٹریشن نمبر کے بجائے نیا یونیورسل نمبر استعمال کریں، جرائم پیشہ عناصر اپنی شناخت چھپانے کیلئے جعلی نمبر پلیٹس کا سہارا لیتے ہیں، جبکہ ایکسائز کے مقررہ نمونے کے مطابق نمبر پلیٹس رکھنے والی گاڑیوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی۔