لاہورمیں جان لیوا حبس سے شہری پریشان، محکمہ موسمیات کی بارش کی پیشگوئی
07-28-2026
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں آج بھی موسم گرم اور حبس زدہ ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے دن کے دوران بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق شہر میں فضا میں نمی کا تناسب 77 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث گرمی کی شدت اور حبس میں اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں 10 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جبکہ دن بھر سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج بھی لاہور میں بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔