پنجاب پولیس کے خدمت مراکز سے رواں سال 27 لاکھ سے زائد شہری مستفید

07-28-2026

(لاہور نیوز) پنجاب پولیس کے خدمت مراکز شہریوں کو جدید اور ڈیجیٹل پولیس سروسز کی فراہمی میں مصروف عمل ہیں۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال 27 لاکھ 29 ہزار سے زائد شہری مختلف خدمات حاصل کر چکے ہیں، 10 لاکھ 14 ہزار سے زائد شہریوں  نے جنرل پولیس ویریفیکیشن کروائی، جبکہ 5 لاکھ 10 ہزار سے زائد افراد نے پولیس کریکٹر سرٹیفیکیٹ حاصل کئے، اسی عرصے کے دوران 7 لاکھ سے زائد شہریوں نے کرایہ داری اندراج کروایا اور ایک لاکھ سے زائد افراد نے میڈیکولیگل سرٹیفیکیٹس حاصل کئے۔ اعداد و شمار کے مطابق کمزور طبقات کیلئے جاری اقدامات کے تحت 67 ہزار سے زائد افراد کو قانونی اور سماجی تحفظ فراہم کیا گیا، علاوہ ازیں 19 ہزار 612 شہریوں نے وہیکلز ویریفیکیشن، 56 ہزار 526 افراد  نے دستاویزات کی گمشدگی کا اندراج جبکہ 2 ہزار 91 شہریوں  نے جرائم رپورٹ کی رجسٹریشن کروائی۔ ترجمان  نے بتایا کہ ایک لاکھ 56 ہزار سے زائد شہریوں  نے ایف آئی آر کی نقول حاصل کیں، جبکہ خواتین پر تشدد سے متعلق 49 رپورٹس بھی درج کی گئیں، مزید برآں 88 ہزار سے زائد شہریوں  نے ایمپلائیز رجسٹریشن (ROPE) کروائی اور 2 ہزار 133 افراد نے نجی ملازمت کیلئے پولیس ویریفیکیشن حاصل کی۔ انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم  نے کہا کہ پولیس خدمت مراکز عوامی خدمت کی فراہمی کا ایک کامیاب فلیگ شپ منصوبہ ہیں، جہاں شہریوں کو چوبیس گھنٹے اور ہفتے کے ساتوں دن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، خدمت مراکز، تھانوں اور عوامی مقامات پر شہریوں کے ساتھ ہر صورت شائستہ اور خوش اخلاق رویہ اختیار کیا جائے۔