مومنہ اقبال کو دھمکیاں دینے کا کیس، ثاقب چڈھر اور اہلیہ کی عبوری ضمانت میں توسیع
07-28-2026
(لاہور نیوز) سیشن کورٹ لاہور میں اداکارہ مومنہ اقبال کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے اور دھمکیاں دینے کے مقدمے میں مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ سمیرا کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔
ایڈیشنل سیشن جج نصرت صدیقی نے درخواستوں پر سماعت کی، دوران سماعت تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ثاقب چدھڑ کے حوالے سے تفتیش مکمل ہو چکی ہے اور وہ تفتیش میں قصوروار پائے گئے ہیں۔ این سی سی آئی اے کے نمائندے نجم باجوہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ثاقب چدھڑ کی اہلیہ سمیرا نے دو روز قبل اپنا موبائل فون این سی سی آئی اے کے حوالے کیا، جسے فرانزک تجزیے کیلئے بھیج دیا گیا ہے۔ اداکارہ مومنہ اقبال کے وکیل عدنان احسان ایڈووکیٹ نے ملزمان کی عبوری ضمانتیں خارج کرنے کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان کی آزادی ان کی مؤکلہ کیلئے خطرے کا باعث بن سکتی ہے۔ عدالت نے فریقین کے وکلا کو آئندہ سماعت پر حتمی دلائل پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ثاقب چدھڑ اور سمیرا کی عبوری ضمانت میں 3 ستمبر تک توسیع کر دی۔ سماعت کے دوران مومنہ اقبال کی جانب سے عدنان احسان ایڈووکیٹ جبکہ ثاقب چدھڑ کی جانب سے رانا معروف ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے، این سی سی آئی اے کی جانب سے اس معاملے کا مقدمہ پہلے ہی درج کیا جا چکا ہے۔