پرائیویٹ سکول سلوشنز آف پاکستان کا 3 اگست سے تعلیمی ادارے کھولنے کا مطالبہ

07-28-2026

(لاہور نیوز) پرائیویٹ سکول سلوشنز آف پاکستان کا اجلاس تنظیم کے صدر ملک عبدالسمیع کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں پرائیویٹ سکولوں کو درپیش مسائل، حکومتی پابندیوں اور ان کے ممکنہ حل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں شرکاء نے مطالبہ کیا کہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کو 3 اگست سے تدریسی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دی جائے تاکہ طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔ صدر ملک عبدالسمیع نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تمام غیر رجسٹرڈ پرائیویٹ سکولوں پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر اپنی رجسٹریشن مکمل کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ رجسٹرڈ سکول قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے بلا رکاوٹ تعلیمی خدمات جاری رکھ سکیں گے۔ اجلاس میں تنظیم کے سینئر نائب صدر امتیاز شوکت، صوبائی صدر سعید خان، حافظ فاروق خان، جنرل سیکرٹری توحید احمد، رفیق خلیل، وحید شاہ، اظہر خان، ملک سرور اور طالب حسین سمیت دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل کے حل اور معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے متعلقہ حکام سے رابطے اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔