گرین ٹاؤن میں مبینہ پولیس مقابلہ، ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار، ساتھی فرار

07-28-2026

(لاہور نیوز) گرین ٹاؤن کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کا ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

پولیس کے مطابق اہلکار معمول کی ناکہ بندی پر موجود تھے کہ انہوں نے دو مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا۔ تاہم ملزمان نے رکنے کے بجائے پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جوابی کارروائی کے دوران ایک ملزم اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا، جس کی شناخت شبیر کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کا مجرمانہ ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے، جبکہ فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور فرار ملزم کو جلد گرفتار کرنے کے لیے کارروائی تیز کر دی گئی ہے۔