پنجاب میں رجسٹرڈ ورکرز کو راشن کارڈ کے ذریعے مالی معاونت فراہم
07-28-2026
(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبے میں 12 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ورکرز کو مریم نواز راشن کارڈ پروگرام کے تحت اب تک 28 ارب روپے کی مالی معاونت فراہم کی جا چکی ہے۔
اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے لیبر منسٹر منشا اللہ بٹ اور سیکرٹری لیبر دانش افضال نے بتایا کہ وزیراعلیٰ نے رواں سال راشن کارڈ کے ذریعے رجسٹرڈ ورکرز کو مزید 43.2 ارب روپے فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ بریفنگ کے مطابق پنجاب میں رجسٹرڈ ورکرز کی تعداد ریکارڈ 14 لاکھ 3 ہزار 63 تک پہنچ چکی ہے، جبکہ 12 لاکھ 44 ہزار 130 رجسٹرڈ ورکرز کو راشن کارڈ جاری کئے جا چکے ہیں اور مزید 4 ہزار 984 کارڈز کی پرنٹنگ جاری ہے۔ حکام کے مطابق رجسٹرڈ ورکرز صوبہ بھر میں قائم 62 ہزار دکانوں سے ہر ماہ 3 ہزار روپے مالیت کی اشیائے ضروریہ حاصل کر رہے ہیں، اجلاس میں بتایا گیا کہ مالی سال 2026-27 کیلئے بھی راشن کارڈ پروگرام کی منظوری دے دی گئی ہے، جبکہ "ستھرا پنجاب" پروگرام کے ایک لاکھ سے زائد ورکرز بھی اس سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے اجلاس کے دوران ہدایت کی کہ صوبے میں رجسٹرڈ ورکرز کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مزدور اس پروگرام سے فائدہ اٹھا سکیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہر مزدور اور ہر کارکن کا مالی تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے، اور راشن کارڈ پروگرام میں مستفید ہونے والے کارکنوں کی تعداد مزید بڑھائی جائے گی۔