بیرسٹر ظفر اللہ خان نئے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب تعینات

07-27-2026

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب محمد امجد پرویز کی لاہور ہائیکورٹ کے جج کے طور پر نامزدگی کے بعد حکومت پنجاب نے بیرسٹر ظفر اللہ خان کو نیا ایڈووکیٹ جنرل پنجاب مقرر کر دیا۔

محکمہ قانون و پارلیمانی امور پنجاب کی جانب سے بیرسٹر ظفر اللہ خان کی بطور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب تعیناتی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق ان کی تقرری فوری طور پر نافذ العمل ہو گی۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بیرسٹر ظفر اللہ خان، جو سپریم کورٹ آف پاکستان کے ایڈووکیٹ ہیں، کی تقرری مفادِ عامہ اور آئین و قانون کے تحت حکومت پنجاب کی قانونی معاونت کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کی گئی ہے۔ بیرسٹر ظفر اللہ خان پنجاب حکومت کے چیف لاء آفیسر کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دیں گے اور مختلف آئینی، قانونی اور انتظامی معاملات میں حکومت پنجاب کی نمائندگی کریں گے، وہ لاہور ہائیکورٹ سمیت دیگر متعلقہ عدالتی فورمز پر حکومت پنجاب کے مقدمات کی نگرانی اور قانونی رہنمائی کی ذمہ داری بھی ادا کریں گے۔ یادر ہے کہ سابق ایڈووکیٹ جنرل پنجاب محمد امجد پرویز کی لاہور ہائیکورٹ کے جج کے طور پر نامزدگی کے بعد حکومت نے بیرسٹر ظفر اللہ خان کو بطور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب مقرر کیا ہے۔