ٹی 20 ورلڈ کپ 2028ء کا فائنل کہاں کھیلا جائے گا؟
07-27-2026
(ویب ڈیسک) آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے 14 شہروں نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2028ء کی میزبانی کرنے کی خواہش کا اظہار کر دیا۔
آسٹریلوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق منتظمین نے میچز کی میزبانی کے لیے پیشکشیں طلب کی تھیں، جس پر 14 شہروں نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2028ء کے میچز کی میزبانی کے لیے پیش کش کر دی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2028ء کے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ مشترکہ میزبان ہیں، جو کہ 2028ء میں اکتوبر اور نومبر میں شیڈول ہے۔ رپورٹ کے مطابق دونوں مشترکہ میزبان ممالک کے 14 شہروں نے میزبانی کی خواہش ظاہر کی ہے، جن میں سے میچز کے لیے منتظمین 8 سے 10 شہروں کا انتخاب کریں گے یعنی 6 شہروں کی میزبانی کرنے کی خواہش پوری نہیں ہو سکے گی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ منتظمین شہروں کا انتخاب آئی سی سی کی گائیڈ لائنز کے مطابق کریں گے، آئی سی سی لاجسٹک کے معاملے پر توازن رکھنا چاہتی ہے ، زیادہ پھیلاؤ نہیں چاہتی۔ رپورٹ کے مطابق کم شہروں کے انتخاب سے دونوں ممالک میں آپریشنز اور شیڈولنگ میں آسانی ہو گی، ٹیموں اور شائقین کرکٹ کو سفر بھی کم کرنا پڑے گا۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2028ء کے فائنل کی میزبانی میلبرن کرکٹ گراؤنڈ کو ملے گی۔