قائمہ کمیٹی کا پنجاب کے پرائیویٹ سکولوں میں 10 فیصد بچوں کو مفت تعلیم یقینی بنانے کا حکم
07-27-2026
(لاہور نیوز) پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے تمام پرائیویٹ سکولوں میں 10 فیصد بچوں کو مفت تعلیم یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔
پنجاب کے تمام پرائیویٹ سکولوں میں 10 فیصد بچے مفت تعلیم حاصل کریں گے، اس سلسلے میں قائمہ کمیٹی نے دس دن میں تمام پرائیویٹ سکولوں کو اپنے اداروں میں زیر تعلیم 10 فیصد بچوں کو مفت تعلیم کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔ پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں قانون کے تحت نجی سکولوں میں 10 فیصد بچوں کو مفت تعلیم کی شرط پر عملدرآمد نہ ہونے کا معاملہ زیر بحث آیا، رکن کمیٹی نے تجویز کیا کہ اس حوالے سے سکولوں کے ڈیٹا پر انحصار نہ کیا جائے بلکہ محکمہ خود مستحق بچوں کو پرائیویٹ اسکولوں میں داخل کرائے، تاکہ تصدیق آسانی سے ہو سکے۔ چیئرمین کمیٹی نے حکم دیا کہ جو اسکول 10 روز میں 10 فیصد بچوں کو مفت تعلیم دینے کے فیصلے پر عملدرآمد نہ کریں تو ان کے لائسنس منسوخ کیے جائیں، اس موقع پر سیکریٹری سکول ایجوکیشن نے کمیٹی کو بتایا کہ 10 فیصد مفت تعلیم سے متعلق تمام نجی سکولوں کا ڈیٹا جمع کیا جائے گا۔