مون سون سے قبل بہترین انتظامات کئے، پنجاب میں دیگر صوبوں جیسے حالات نہیں، عظمیٰ بخاری
07-27-2026
(لاہور نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے مون سون بارشوں سے قبل مؤثر منصوبہ بندی اور انتظامات کئے، جس کے باعث صوبے میں دیگر صوبوں جیسی صورتحال پیدا نہیں ہوئی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بارشوں کے دوران بعض صوبوں میں تباہی کے مناظر دیکھنے کو ملے، تاہم پنجاب میں بروقت اقدامات کے باعث بارش کے بعد ریکارڈ وقت میں پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 15 اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، جبکہ صوبے بھر میں سیکڑوں کلومیٹر نئی سیوریج لائنیں بچھائی جا رہی ہیں، پنجاب کے تمام اضلاع میں واسا فعال ہے اور وزیراعلیٰ مریم نواز نے ادارے کو جدید مشینری بھی فراہم کی ہے تاکہ ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ دریاؤں، ڈیموں اور بیراجوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر "محفوظ چھت پروگرام" بھی شروع کیا گیا ہے، لاہور میں مسلسل پانچ گھنٹے بارش کے باوجود تمام انڈر پاسز کو ریکارڈ وقت میں کلیئر کر دیا گیا اور وزیراعلیٰ مریم نواز خود نکاسی آب کے آپریشن کی نگرانی کرتی رہیں، دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں کمی آ رہی ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر پرانی ویڈیو شیئر کی، اور اس کیلئے انہیں "بہت محنت" کرنا پڑی۔