پنجاب بھر میں ایل پی جی مہنگی، 450 روپے فی کلو تک فروخت

07-27-2026

(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں ایل پی جی کی قیمتوں میں بے ضابطگیاں برقرار ہیں۔

موسمِ گرما کے باوجود صارفین کو اوگرا کے مقررہ نرخوں پر گیس دستیاب نہیں ہو رہی، مارکیٹ سروے کے مطابق پوش علاقوں، اندرون شہر، سرحدی اور دیہی علاقوں میں ایل پی جی 420 سے 450 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے، جبکہ لاہور ریلوے اسٹیشن کے اطراف، لکشمی چوک، شملہ پہاڑی، سمن آباد اور گلشن راوی سمیت مختلف علاقوں میں فی کلو قیمت 380 سے 400 روپے وصول کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 241 روپے 43 پیسے فی کلو مقرر کر رکھی ہے، تاہم بیشتر مقامات پر اس پر عملدرآمد دکھائی نہیں دیتا۔ شہریوں نے قیمتوں میں خودساختہ اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایل پی جی کی قیمت روزانہ تبدیل ہو جاتی ہے، جس سے گھریلو بجٹ شدید متاثر ہو رہا ہے، حکومت اوگرا کے مقررہ نرخوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائے اور ناجائز منافع خوری کا خاتمہ کرے۔ دوسری جانب دکانداروں کا مؤقف ہے کہ انہیں ایل پی جی پلانٹس سے ہی گیس مہنگے داموں ملتی ہے، اس لئے وہ سرکاری نرخوں پر فروخت نہیں کر سکتے، قیمتوں میں غیر معمولی فرق کے باعث متعدد دکاندار کاروبار بند کرنے پر بھی مجبور ہو چکے ہیں۔