رواں برس غیرقانونی طور پر مقیم 2005 افغان باشندے گرفتار

07-27-2026

(لاہور نیوز) لاہور پولیس نے غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی وطن واپسی کیلئے جاری کارروائیوں میں تیزی لاتے ہوئے رواں سال اب تک 2,005 افغان باشندوں کو گرفتار کیا ہے۔

ترجمان لاہور پولیس کے مطابق گرفتار افراد میں سے 1,918 افغان باشندوں کو واپس افغانستان بھجوایا جا چکا ہے، جبکہ 31 افراد کو قانونی کارروائی کے بعد جیل منتقل کیا گیا ہے، مزید 56 غیر قانونی افغان باشندوں کو ہولڈنگ سینٹرز منتقل کر دیا گیا ہے۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت سے تمام غیر قانونی مقیم افراد کا انخلا ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے، انہوں  نے تمام ڈویژنل ایس پیز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں انخلا کے عمل کی خود نگرانی کریں۔ سی سی پی او لاہور  نے مزید ہدایت کی کہ جن افغان باشندوں کے ویزوں کی مدت ختم ہو چکی ہے، ان کی وطن واپسی کے عمل کو مزید تیز کیا جائے تاکہ حکومتی پالیسی پر مؤثر انداز میں عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔