امیرِ عظیم کا انتقال، وزیراعظم سمیت اہم شخصیات کا حافظ نعیم سے رابطہ
07-26-2026
(لاہور نیوز) جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیرِ عظیم کے انتقال پر تعزیت کا سلسلہ جاری ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے مرحوم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مرحوم امیرِ عظیم کے اہل خانہ سے بھی فون پر تعزیت کی اور ان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ اس کے علاوہ سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین، پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری، جامعہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم مولانا قاری ارشد عبید، شیخ الحدیث مولانا محمد یوسف خان اور مرکزی جمعیت اہل حدیث سعودی عرب کے صدر عبدالمالک مجاہد نے بھی حافظ نعیم الرحمان سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے امیرِ عظیم کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔ تعزیت کرنے والی شخصیات نے مرحوم کی دینی، تنظیمی اور قومی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔