اپنی کامیابی پاکستان کی تمام خواتین کے نام کرتی ہوں: انعم عزیر
07-26-2026
(ویب ڈیسک) کوہ پیمائی اور ٹریل رننگ میں اپنی شناخت بنانے والی مہم جو انعم عزیر نے پاکستان میں منعقد ہونے والی پہلی 100 کلومیٹر گلیات ماؤنٹین ٹریل الٹرا میراتھون جیت کر ایک اور سنگِ میل عبور کرلیا۔
دشوار گزار پہاڑی راستوں، گھنے جنگلات، قدرتی اور وائلڈ لائف کے خطرات سے بھرپور اس سخت مشکل مقابلے میں انعم عزیر نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی اپنے نام کی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انعم عزیر نے کہا کہ میں اپنی یہ کامیابی پاکستان کی تمام خواتین، خصوصاً خواتین رنرز کے نام کرتی ہوں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ مستقبل میں بھی مزید منفرد اور مشکل چیلنجز قبول کر کے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کروں گی۔ انعم عزیر نے کہا کہ یہ آسان ٹاسک نہیں ہے مجھے اندازہ تھا کہ کن کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا، آسمانی بجلی کا خطرہ رہتا ہے جیسا کہ کوہ پیمائی میں برفانی طوفان آ جاتا ہے، کوہ پیمائی ہو یا گلیات ٹریل رننگ خطرات رہتے ہیں لیکن یہاں وائلڈ لائف کا خطرہ زیادہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل میں نے 40 کلومیٹر کی پریکٹس کے لیے ٹرائل رن کیا تو اس دوران میں نے دو سو فٹ کے فاصلے پر اپنے ٹریک پر تیندوہ بیٹھا ہوا دیکھا اس کے بعد آہستہ آہستہ میں نڈر ہوگئی، دماغ سے اب خوف نکل گیا تھا، مجھے کوئی ڈر نہیں تھا۔ انعم عزیر نے کہا کہ میں ٹریننگ روزانہ کرتی ہوں، فٹنس تو ہر کسی کے لیے لازمی ہے چاہے آپ نے کسی مقابلے میں حصہ لینا ہے یا نہیں، فٹنس کے لیے ٹریننگ کو آپ لائف سٹائل بنائیں۔