غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ اور حادثات میں ملوث 110 ڈرائیورز کے لائسنس معطل

07-26-2026

(لاہور نیوز) سٹی ٹریفک پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور حادثات میں ملوث ڈرائیورز کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے 110 ڈرائیورز کے لائسنس معطل کر دیے ہیں۔

سی ٹی او لاہور کی ہدایت پر کیے گئے اقدام کے تحت ہر مہلک اور شدید نوعیت کے غیر مہلک ٹریفک حادثے میں ملوث ڈرائیور کا لائسنس فوری طور پر معطل کیا جائے گا۔ سی ٹی او کے مطابق معطل شدہ لائسنس رکھنے والا ڈرائیور اگر دوبارہ گاڑی چلاتے ہوئے پایا گیا تو اس کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ میں ملوث افراد کے لائسنس کم از کم ایک سال کے لیے معطل رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حادثات کے ذمہ دار ڈرائیورز کو لائسنس کی معطلی کے ساتھ ساتھ قانونی کارروائی کا بھی سامنا کرنا ہوگا۔ سٹی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانا اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ کرنا ہے۔