عرس حضرت داتا گنج بخشؒ،لاہور پولیس کے سکیورٹی انتظامات حتمی مرحلے میں داخل
07-25-2026
(لاہور نیوز) حضرت علی ہجویریؒ المعروف داتا گنج بخشؒ کے عرس مبارک کے موقع پر لاہور پولیس نے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دینا شروع کر دی ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے ممبران امن کمیٹی اور زونل ایڈمنسٹریشن داتا دربار کے نمائندگان سے ملاقات کی، جس میں داتا دربار کی سکیورٹی، زائرین کے داخلہ و اخراج اور دودھ سبیل پوائنٹس کے انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں مولانا راغب حسین نعیمی، مفتی انتخاب احمد نوری، مولانا محمد علی نقشبندی، مفتی محمد عمران حنفی، سردار محمد طاہر ڈوگر اور مولانا طاہر شہزاد سیالوی سمیت دیگر علما، مارکیٹ عہدیداران، زونل ایڈمنسٹریٹر اور منیجر اوقاف نے شرکت کی۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ عرس مبارک پر آنے والے زائرین کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی، دربار کے جاری توسیعی کاموں کو مدنظر رکھتے ہوئے اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ داتا دربار میں داخلے سے قبل ہر زائر کی تلاشی کو یقینی بنایا جائے گا، جبکہ دودھ سبیلوں کے اطراف بھی مناسب سکیورٹی اور انتظامی اقدامات کیے جائیں گے۔ اس موقع پر مارکیٹ عہدیداران، زونل ایڈمنسٹریشن اور منیجر اوقاف کی جانب سے سکیورٹی و انتظامی امور میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔