دودھ اور دہی کی من مانے نرخوں پر فروخت، ضلعی انتظامیہ ناکام

07-25-2026

(لاہور نیوز) ضلعی انتظامیہ دودھ اور دہی کی سرکاری قیمتوں پر فروخت یقینی بنانے میں ناکام ، اوپن مارکیٹ میں دونوں اشیاء مقررہ نرخوں سے زائد قیمت پر فروخت ہونے لگی ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دودھ کی سرکاری قیمت 170 روپے فی لٹر مقرر کی گئی ہے، تاہم مارکیٹ میں دودھ 200 سے 240 روپے فی لٹر تک فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح دہی بھی سرکاری نرخوں کے برعکس اوپن مارکیٹ میں 220 سے 250 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد نہ ہونے سے عوام کو اضافی رقم ادا کرنا پڑ رہی ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کے افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ دودھ اور دہی کی مقررہ قیمتوں پر فروخت یقینی بنانے کے لیے مؤثر کارروائی کی جائے۔