لاہور میں مسلسل بارش، سیکرٹری ہاؤسنگ کا نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ
07-25-2026
(لاہور نیوز) شہر میں جاری بارش کے پیش نظر وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل فیلڈ میں موجود رہے اور لکشمی چوک انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج ٹینک سائٹ کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران سیکرٹری ہاؤسنگ نے واسا لاہور کی جانب سے نکاسی آب کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور ایم ڈی واسا غفران احمد سے شہر میں قائم 18 واٹر سٹوریج ٹینکس کی کارکردگی کے بارے میں استفسار کیا۔ ایم ڈی واسا غفران احمد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تمام واٹر سٹوریج ٹینکس مکمل طور پر فعال ہیں، جبکہ زیر تعمیر واٹر سٹوریج ٹینکس بھی اپنی استعداد کے مطابق بارش کا پانی ذخیرہ کر رہے ہیں۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نے زیر تعمیر واٹر ٹینک سائٹ کی کارکردگی کا بھی معائنہ کیا۔ نورالامین مینگل نے موقع پر موجود شہریوں سے واسا کی کارکردگی کے حوالے سے فیڈ بیک بھی لیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال صورتحال میں واضح بہتری آئی ہے اور نکاسی آب کے انتظامات پہلے سے زیادہ مؤثر ہیں۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے کہا کہ انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج ٹینک منصوبوں سے نشیبی علاقوں میں پانی کی نکاسی میں نمایاں مدد مل رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بارش کے بعد کئی کئی فٹ پانی سڑکوں اور گلیوں میں جمع رہنا معمول تھا، تاہم اب سمارٹ انجینئرنگ سلوشنز کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔