گڑھی شاہو میں گھر کی چھت گر گئی، میاں، بیوی اور بیٹی جاں بحق، ایک بچی زخمی

07-25-2026

(لاہور نیوز) گڑھی شاہو ریلوے کالونی، نزد فاروقیہ مسجد، میں گھر کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق جبکہ ایک بچی زخمی ہوگئی۔

ریسکیو 1122 کے مطابق مکان کی چھت مٹی اور ٹی آر گارڈر سے بنی ہوئی تھی، جو اچانک منہدم ہوگئی۔ اطلاع ملتے ہی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی اور ملبے تلے دبے چاروں افراد کو نکال لیا۔ ریسکیو کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 45 سالہ مبین، ان کی 40 سالہ اہلیہ اور 11 سالہ بیٹی فاطمہ شامل ہیں، جبکہ 14 سالہ ایمل زخمی ہوئی، جسے طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے اور مزید کسی شخص کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔