شادباغ میں مبینہ پولیس مقابلہ، 28 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزم زخمی حالت میں گرفتار
07-25-2026
(لاہور نیوز) شادباغ کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق 15 پر موصول ہونے والی کال میں اطلاع دی گئی کہ ایک ملزم شہری سے موبائل فون چھین کر فرار ہو گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اطلاع ملتے ہی شادباغ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کا تعاقب کیا۔ تعاقب کے دوران کچھ فاصلے پر ایک ملزم گیلی زمین پر زخمی حالت میں پڑا ملا، جسے حراست میں لے لیا گیا۔ ایس پی سٹی عاطف امیر کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت زین کے نام سے ہوئی ہے، جو ڈکیتی، چوری، اسنیچنگ اور جھپٹا مارنے سمیت 28 سے زائد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے۔ پولیس کے مطابق زخمی ملزم کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ واقعے کی مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔