لاہورسمیت پنجاب بھر میں موسلادھار بارشیں،نشیبی علاقے زیرِ آب، پی ڈی ایم اے کا الرٹ

07-25-2026

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے جبکہ کئی علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔

لاہور میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا، جبکہ ٹھنڈی ہوا کے چلنے سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ، کم سے کم 28 اور زیادہ سے زیادہ 30 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 86 فیصد جبکہ ہوا کی رفتار 14 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے آج سے 27 جولائی تک لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں مزید بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ادارے کے کنٹرول روم میں صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں، ٹوٹی ہوئی تاروں اور بوسیدہ عمارتوں سے دور رہیں اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔