ایف آئی اے کی کارروائیاں: مائیگرنٹ سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث 5 ملزمان گرفتار
07-24-2026
(لاہور نیوز) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل لاہور نے مختلف کارروائیوں کے دوران مائیگرنٹ سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزمان میں لقمان، اسرار احمد، احتشام الحق، افضال احمد اور عبد الخالق شامل ہیں۔ ملزمان کو لاہور، شیخوپورہ، حافظ آباد اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان نے شہریوں کو بیرونِ ملک ورک ویزوں کا جھانسہ دے کر مجموعی طور پر ایک کروڑ 41 لاکھ 74 ہزار روپے ہتھیائے۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم احتشام الحق سال 2023 سے ایف آئی اے لاہور کو مطلوب تھا۔ گرفتار ملزمان شہریوں کو بیرونِ ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور رقم وصول کرنے کے بعد روپوش ہو گئے تھے۔