جمعۃ المبارک : پنجاب بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ، آئی جی پنجاب کی سخت ہدایات

07-24-2026

(لاہور نیوز) جمعۃ المبارک کے موقع پر آئی جی پنجاب عبدالکریم نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

 آئی جی پنجاب نے تمام آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز اور متعلقہ افسران کو مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، مارکیٹوں، حساس تنصیبات اور دیگر اہم مقامات پر فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ مساجد، امام بارگاہوں، کاروباری مراکز، اہم شاہراہوں اور عوامی مقامات کے اطراف پولیس پٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے، جبکہ بین الصوبائی سرحدی پولیس چوکیوں پر تعینات اہلکار مکمل الرٹ رہیں اور ہر مشکوک سرگرمی پر کڑی نظر رکھیں۔ عبدالکریم نے کہا کہ فتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان اور دیگر ملک دشمن و شرپسند عناصر کی نقل و حرکت پر خصوصی نظر رکھی جائے۔ انہوں نے داخلی و خارجی راستوں پر مشکوک گاڑیوں، افراد اور سامان کی جامع چیکنگ مزید مؤثر بنانے کی بھی ہدایت جاری کی۔ آئی جی پنجاب نے حساس مقامات کے اطراف سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز بلا تعطل جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ڈی پی اوز سمیت تمام سینئر پولیس افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں، سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کریں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات یقینی بنائیں۔