آئی ٹی برآمدات 4.6 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، وزیراعظم کی ٹیم کو شاباش
07-23-2026
(لاہورنیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی سالانہ آئی ٹی برآمدات 21 فیصد اضافے کے ساتھ 4.6 ارب امریکی ڈالر تک پہنچنے پر وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت آئی ٹی شعبے کے سٹریٹیجک روڈ میپ پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں ملک کی آئی ٹی برآمدات میں اضافے اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ آئی ٹی برآمدات میں نمایاں اضافہ حکومت کی ڈیجیٹل معیشت کی ترقی کے لیے کیے گئے اقدامات اور پالیسیوں کا ثمر ہے، آئی ٹی کے شعبے کا فروغ اور برآمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعظم نے آئی ٹی شعبے میں دیئے جانے والے تربیتی کورسز کی معتبر تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تربیت کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ملک بھر میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر مزید بہتر بنایا جائے۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ موبائل سپیکٹرم کی دستیابی جون 2025 میں 274 میگا ہرٹز سے بڑھ کر جون 2026 میں 880 میگا ہرٹز ہوگئی، جس سے انٹرنیٹ کی رفتار اور کنیکٹیویٹی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ "کنیکٹ پاکستان وژن 2030" کے اجرا کی تیاریاں جاری ہیں جبکہ باغ، آزاد جموں و کشمیر میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک مکمل ہو چکا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان میں اسمارٹ فون استعمال کرنے والوں کا تناسب 2024 میں 62 فیصد سے بڑھ کر جون 2026 میں 72 فیصد ہوگیا، 51 لاکھ گھروں میں فکسڈ براڈ بینڈ اور فائبر کنکشن فراہم کیے جا چکے ہیں۔ بریفنگ کے مطابق گزشتہ مالی سال آئی ٹی شعبے میں برآمدات میں فری لانسرز کا حصہ 1 ارب 16 کروڑ 47 لاکھ ڈالر رہا جبکہ ڈیجیٹل نیشن پاکستان کے تحت حکومت کی 130 سروسز کو ڈیجیٹائز کیا جا چکا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ مالی سال آئی ٹی شعبے میں 9 لاکھ 42 ہزار 646 تربیتی سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے، جن میں 5 ہزار 53 ہائی اینڈ تربیتی پروگرام اور لیڈرشپ و سافٹ سکلز کی 2700 ٹریننگز شامل ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ چینی کمپنی علی بابا کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کے تحت وفاقی وزارتوں اور اداروں میں مصنوعی ذہانت کے منصوبوں اور تربیتی سیشنز پر کام جاری ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزہ فاطمہ خواجہ، وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت خالد مقبول صدیقی، وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔