موسلا دھار بارش، کھیلوں کی سرگرمیاں متاثر، مختلف گراؤنڈز زیرِ آب
07-23-2026
(لاہور نیوز) مون سون بارشوں نے کھیلوں کی سرگرمیوں کو بھی متاثر کر دیا۔
کھیلوں کے گراؤنڈز میں بارش کا پانی جمع ہونے سے ٹریننگ سیشنز، کیمپس اور اکیڈمیوں کی سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔ نشتر سپورٹس کمپلیکس میں متعدد مقامات پر بارش کا پانی کھڑا ہے، جبکہ پنجاب سٹیڈیم کے سامنے بھی پانی کی نکاسی نہ ہونے کے باعث مسائل برقرار ہیں، فٹبال ہاؤس کے سامنے سڑک پر پانی جمع ہونے سے کھلاڑیوں اور دیگر افراد کو آمدورفت میں دشواری کا سامنا ہے۔ نشتر سپورٹس کمپلیکس میں واقع ایلیٹ ٹریننگ سینٹر کی عمارت بھی بارش کے پانی میں گھری ہوئی ہے، جبکہ ٹینس کورٹس کے داخلی راستے سے بھی تاحال پانی کی نکاسی نہیں ہو سکی، جس کے باعث کھلاڑیوں کو مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ دوسری جانب قذافی سٹیڈیم کے ساتھ واقع سائنٹفک گراؤنڈ میں بھی بارش کا پانی جمع ہونے سے کھلاڑیوں کی پریکٹس کیلئے نصب کئے گئے نیٹس زیرِ آب آ گئے ہیں، مزید یہ کہ اطراف کی سڑکوں کا پانی بھی گراؤنڈ میں داخل ہونے لگا ہے، جس سے صورتحال مزید خراب ہو گئی ہے۔ بارش کے باعث کھیلوں کے کیمپس اور اکیڈمیوں میں آنے والے بچوں کے والدین بھی پریشانی کا شکار ہیں اور متعلقہ اداروں سے فوری نکاسی آب کے اقدامات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔