این سی سی آئی اے کی کارروائیاں، خواتین کو بلیک میل کرنے والے ملزمان گرفتار

07-23-2026

(لاہور نیوز) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) پنجاب نے لاہور، فیصل آباد اور ملتان میں کارروائیاں کرتے ہوئے خواتین کو آن لائن ہراساں اور بلیک میل کرنے میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان کے مطابق این سی سی آئی اے لاہور  نے حساس ادارے کا جعلی افسر بن کر ایک خاتون کو ہراساں کرنے والے ملزم قیصر بلال کو گرفتار کر لیا، ملزم کے قبضے سے مدعیہ کی تصاویر، ٹک ٹاک اکاؤنٹ سے متعلق معلومات اور دھمکی آمیز پیغامات پر مشتمل الیکٹرانک مواد بھی برآمد کر لیا گیا۔ دوسری کارروائی میں این سی سی آئی اے فیصل آباد نے واٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے ایک خاتون کو بلیک میل کرنے والے ملزم سوبان احمد کو گرفتار کر لیا۔ ادھر این سی سی آئی اے ملتان  نے خاتون اور اس کے اہل خانہ کو ہراساں کرنے میں ملوث ملزم محمد عمران کو گرفتار کرکے عدالت سے چار روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا۔ ڈائریکٹر این سی سی آئی اے پنجاب نے کہا کہ خواتین کو آن لائن ہراسگی، بلیک میلنگ اور سائبر جرائم سے تحفظ فراہم کرنا ادارے کی اولین ترجیح ہے، سائبر جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور تمام ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔