مون سون بارشیں: ٹریفک انتظامات مکمل اور مؤثر رکھے جائیں، ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب
07-23-2026
(لاہور نیوز) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں جاری مون سون بارشوں کے پیش نظر تمام چیف ٹریفک افسران (سی ٹی اوز) اور ڈسٹرکٹ ٹریفک افسران (ڈی ٹی اوز) کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ شدید بارشوں کے دوران ٹریفک انتظامات ہر صورت مکمل اور مؤثر رکھے جائیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ مسلسل رابطہ برقرار رکھا جائے۔ محمد وقاص نذیر نے کہا کہ نشیبی علاقوں، انڈر پاسز اور بارش سے متاثرہ مقامات پر ٹریفک اہلکاروں کو الرٹ رکھا جائے اور بند راستوں سے متعلق شہریوں کو بروقت آگاہ کیا جائے، شہر کی اہم شاہراہوں سمیت داخلی اور خارجی راستوں پر ٹریفک کی روانی ہر صورت برقرار رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق شہریوں کے سفر کو محفوظ بنانا اولین ترجیح ہے، ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے متبادل راستوں کی نشاندہی اور تشہیر کی جائے، جبکہ جہاں پانی زیادہ جمع ہو وہاں فوری طور پر بیریئرز، وارننگ سائنز اور ٹریفک ڈائیورژن کا انتظام یقینی بنایا جائے۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے مزید ہدایت کی کہ مرکزی شاہراہوں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی فوری اطلاع متعلقہ محکموں کو دی جائے، جبکہ ٹریفک پولیس اہلکار اپنی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے بارش کے دوران شہریوں کی بھرپور معاونت کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ٹریفک ریسپانس ٹیمیں ہر وقت تیار رہیں اور امدادی ٹیموں و ایمرجنسی گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے راستے ہر صورت کھلے رکھے جائیں، تمام سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز اپنے فیلڈ افسران کے ہمراہ ٹریفک انتظامات کی مسلسل نگرانی کریں۔ محمد وقاص نذیر نے سپروائزری اور فیلڈ سٹاف کو ہدایت کی کہ وہ چھتریوں اور برساتیوں کا استعمال کرتے ہوئے اپنی حفاظت یقینی بنائیں، جبکہ لفٹر اور بریک ڈاؤن سروسز کو بھی مکمل طور پر الرٹ رکھا جائے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ بارش کے دوران بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے دور رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ٹریفک پولیس سے تعاون کریں۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے کہا کہ ٹریفک پولیس شہریوں کے تحفظ اور ٹریفک کی بلا تعطل روانی برقرار رکھنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔