شخصی شنوائی کا مقصد سفارش کلچر کا خاتمہ ہے، بلال صدیق کمیانہ

07-23-2026

(لاہور نیوز) سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت اردل روم کا انعقاد کیا گیا، جس میں آپریشنز، انویسٹی گیشن اور ٹریفک پولیس سمیت مختلف ونگز کے پولیس ملازمین پیش ہوئے۔

سی سی پی او لاہور  نے بتایا کہ رواں سال پولیس ملازمین کی مجموعی طور پر 437 اپیلیں سنی گئیں، معمولی نوعیت کی کوتاہی کے مرتکب 258 ملازمین کی اپیلوں پر وارننگ جاری کی گئی، جبکہ 108 اپیلیں مسترد کر دی گئیں، مزید برآں، 71 پولیس ملازمین کی اپیلیں منظور کرتے ہوئے انہیں ملازمت پر بحال کر دیا گیا۔ انہوں  نے کہا کہ اردل روم کے انعقاد کا مقصد پولیس فورس میں شفافیت، احتساب اور میرٹ کو یقینی بنانا ہے، شخصی شنوائی کے ذریعے سفارش کلچر کے خاتمے اور میرٹ کے فروغ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ سی سی پی او لاہور  نے واضح کیا کہ کرپشن اور اختیارات سے تجاوز پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے، تمام ڈویژنل ایس پیز باقاعدگی سے اردل روم منعقد کریں اور ماتحت عملے کی عزتِ نفس کا ہر صورت خیال رکھا جائے۔ انہوں نے پولیس ملازمین پر زور دیا کہ وہ اپنے فرائض دیانتداری، ذمہ داری اور دلجمعی سے انجام دیں اور عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔