مون سون بارشیں، پنجاب میں 21 افراد جاں بحق، 154 زخمی: پی ڈی ایم اے رپورٹ

07-23-2026

(لاہور نیوز) پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے رواں سال مون سون بارشوں کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 21 شہری جاں بحق جبکہ 154 افراد زخمی ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق سیلابی ریلوں میں بہنے یا پھنسنے کے باعث کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔ ترجمان نے بتایا کہ آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد، عمارات گرنے سے 15 افراد، کرنٹ لگنے سے 3 افراد جبکہ پانی میں ڈوبنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔ پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق بارشوں کے باعث 38 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ ایک مویشی بھی ہلاک ہوا۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ اور فلیش فلڈنگ کا خدشہ موجود ہے، تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔