بارش کے پیش نظر محکمے نکاسی آب کیلئے چوبیس گھنٹے الرٹ ہیں، کمشنر لاہور

07-23-2026

(لاہور نیوز) لاہور میں آج علی الصبح ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش کا پہلا سپیل شروع ہوا، جس کے دوران شہر میں اب تک 50 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ بعض علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

کمشنر لاہور نعمان یوسف کے مطابق گلبرگ اور تاج پورہ کے علاقوں میں موسلا دھار بارش ہو رہی ہے، بارش کے پیش نظر تمام متعلقہ محکمے نکاسی آب کے آپریشن کیلئے چوبیس گھنٹے الرٹ ہیں۔ کمشنر لاہور  نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی اپنی تحصیلوں میں ہاٹ سپاٹس اور نشیبی علاقوں میں ٹیموں کی موجودگی یقینی بنائیں اور نکاسی آب آپریشن کی خود نگرانی کریں۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ آج ورکنگ ڈے ہے، اس لئے مین اور ذیلی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے سڑکوں کو ہر صورت کلیئر رکھا جائے، جبکہ مرکزی شاہراہوں اور انڈر پاسز سے بارشی پانی کی فوری نکاسی کو یقینی بنایا جائے۔ کمشنر لاہور  نے واسا، میونسپل کارپوریشن لاہور (ایم سی ایل)، ایل ڈی اے، سی بی ڈی اور روڈا سمیت تمام متعلقہ اداروں کی فیلڈ ٹیموں کو اپنے اپنے پوائنٹس پر متحرک رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال پر فوری ردعمل دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام مشینری نشیبی علاقوں اور ہاٹ سپاٹس کے قریب موجود رکھی جائے، جبکہ بجلی کی بندش والے علاقوں میں ڈسپوزل اسٹیشنز کو جنریٹرز کے ذریعے مکمل فعال رکھا جائے، ڈسپوزل اسٹیشنز کے تمام پمپس آپریشنل رہیں اور سکرینوں کی بروقت صفائی بھی یقینی بنائی جائے۔ کمشنر لاہور  نے واسا کے تمام ٹاؤن ڈائریکٹرز کو اپنے اپنے علاقوں کی مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھنے اور بارشی پانی کی فوری نکاسی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت بھی کی۔