دریائے چناب میں بلند درجے کا سیلاب برقرار، دریائے راوی پر صورتحال مستحکم

07-23-2026

(لاہور نیوز) دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے باعث خانکی اور قادرآباد بیراج پر بلند درجے کا سیلاب برقرار ہے، جبکہ مرالہ بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔

مرالہ بیراج پر پانی کی آمد 1 لاکھ 94 ہزار 452 کیوسک اور اخراج 1 لاکھ 74 ہزار 452 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ خانکی بیراج پر پانی کی آمد 2 لاکھ 61 ہزار 463 کیوسک جبکہ اخراج 2 لاکھ 56 ہزار 63 کیوسک رہا۔ قادرآباد بیراج پر پانی کی آمد 2 لاکھ 67 ہزار 159 کیوسک اور اخراج 2 لاکھ 52 ہزار 159 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جبکہ کیو بی لنک نہر میں 15 ہزار کیوسک پانی چھوڑا جا رہا ہے۔ دوسری جانب دریائے راوی میں مجموعی طور پر صورتحال مستحکم ہے۔ کوٹ نینا پر 17 ہزار 500 کیوسک بہاؤ کے ساتھ پانی میں کمی کا رجحان دیکھا گیا، جبکہ جسڑ، راوی سائفن اور شاہدرہ کے مقامات پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق اور مستحکم رہا۔ بلوکی ہیڈورکس پر پانی کی آمد 73 ہزار 625 کیوسک اور اخراج 50 ہزار 725 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جہاں کم درجے کا سیلاب برقرار ہے، تاہم صورتحال مستحکم بتائی جا رہی ہے۔ سدھنائی بیراج پر پانی کی آمد 19 ہزار 607 کیوسک اور اخراج 3 ہزار 607 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جہاں صورتحال معمول کے مطابق ہے۔