موسلادھار بارش، ایم ڈی واسا کی نکاسی آب کیلئے ہنگامی اقدامات کی ہدایت
07-23-2026
(لاہور نیوز) شہر کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے پیش نظر واسا نے نکاسی آب کیلئے ہنگامی اقدامات تیز کر دیئے ہیں۔
ایم ڈی واسا غفران احمد نے بارش کے دوران مال روڈ، کوپر روڈ اور لکشمی چوک سمیت مختلف نشیبی علاقوں کا دورہ کیا اور نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا، اس موقع پر ڈائریکٹر گنج بخش ٹاؤن میاں حامد لعل نے انہیں نکاسی آب آپریشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ایم ڈی واسا نے تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کو مکمل استعداد کے ساتھ چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام افسران اور عملہ مشینری سمیت فیلڈ میں متحرک رہے تاکہ بارشی پانی کی بروقت نکاسی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جن علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے وہاں ڈسپوزل اسٹیشنز کو جنریٹرز کے ذریعے چلایا جائے تاکہ نکاسی آب کا عمل متاثر نہ ہو۔ ایم ڈی واسا نے مزید ہدایت کی کہ تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کے پمپس مکمل طور پر آپریشنل رکھے جائیں اور پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ سے بچنے کیلئے سکرینوں کی بروقت صفائی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے تمام ٹاؤن ڈائریکٹرز کو اپنے اپنے علاقوں کی مسلسل نگرانی کرنے اور نشیبی علاقوں سے بارشی پانی کے فوری انخلا کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت بھی کی۔