ہڑتال مؤخر:علی پرویز کا پٹرولیم ڈیلرز کے مارجن کا مسئلہ کابینہ میں اٹھانے کا اعلان
07-22-2026
(لاہورنیوز) وفاقی وزیر مملکت برائے پٹرولیم علی پرویز ملک نے اوگرا سے نشست اور ڈیلرز کے مارجن کا مسئلہ کابینہ میں اٹھانے کا اعلان کردیا جبکہ پٹرولیم ڈیلرز نے ہڑتال مؤخر کردی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو درپیش مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور پٹرولیم ڈیلرز کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ڈیلرز کے مارجن کے معاملے پر اوگرا کے ساتھ جلد نشست ہوگی جب کہ اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے سمری وفاقی کابینہ میں بھی پیش کی جائے گی۔ علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد پٹرولیم کے نظام میں شفافیت لانا ہے اور وہ آئندہ دو ہفتوں کے اندر ڈیلرز کے جائز مطالبات کے حق میں ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے، انہوں نے پٹرولیم ڈیلرز کے دیرینہ مسائل جلد حل کرانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ دوسری جانب پٹرول پمپ مالکان نے حکومتی یقین دہانی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ آئندہ دو ہفتوں میں مارجن کا مسئلہ حل ہو جائے گا، اسی لیے انہوں نے اپنی مجوزہ ہڑتال فی الحال موخر کرنے کا اعلان کر دیا۔