پنجاب میں ریکارڈ بارش کے باوجود نکاسی آب کا نظام مؤثر رہا: مریم اورنگزیب
07-22-2026
(لاہور نیوز) پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ریکارڈ بارش کے باوجود پورے پنجاب میں مشینری متحرک رہی اور نکاسی آب کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس وقت ریکارڈ بارش ہو رہی ہے اور ریکارڈ کام بھی کیا جا رہا ہے، پنجاب کے 41 اضلاع میں مشینری موجود ہے اور تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز گوجرانوالہ میں ریکارڈ بارش ہوئی، تاہم بروقت نکاسی آب کو یقینی بنایا گیا، سیف سٹی کے ذریعے صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب خود بھی تمام انتظامات کی مانیٹرنگ کر رہی ہیں۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ماضی میں کئی کئی ہفتے پانی کھڑا رہتا تھا، مگر اب ایسا نہیں، لاہور ہائی کورٹ اور لکشمی چوک جیسے اہم مقامات کو بھی فوری طور پر کلیئر کر دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت سیالکوٹ، منڈی بہاؤالدین اور چکوال میں بارش جاری ہے جبکہ مون سون سیزن سے قبل پنجاب حکومت نے پیشگی انتظامات مکمل کر لیے تھے، ان کا کہنا تھا کہ آج لاہور میں نکاسی آب تیزی سے ہو رہی ہے، جس پر شہری اطمینان کا اظہار کر رہے ہیں۔