لاہور میں مون سون بارشوں نے ملی میٹر کی سنچری کراس کرلی
07-22-2026
(لاہور نیوز)حالیہ مون سون کی بارشوں میں لاہور میں سب سے تیز بارش نے ملی میٹر نے سنچری مکمل کر لی۔
لاہور میں مون سون کی حالیہ موسلا دھار بارش نے شہر کے مختلف علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ چند گھنٹوں میں ہونے والی شدید بارش سے کئی مرکزی شاہراہیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور شہریوں کو روزمرہ معمولات کی انجام دہی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بارش کے اعداد و شمار نے بھی اس اسپیل کی شدت واضح کر دی۔ لکشمی چوک میں سب سے زیادہ 123.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ پانی والا تالاب میں 122 اور چوک ناخدا میں 106 ملی میٹر بارش ہوئی۔ سمن آباد میں 90.4، سگیاں میں 82.4، شادی پورہ میں 71، گلشن راوی میں 68، اقبال ٹاؤن میں 66.4، اپر مال میں 60، جیل روڈ پر 57.8، تاجپورہ میں 53.6، مغلپورہ میں 51، ایئرپورٹ پر 40، جوہر ٹاؤن میں 39.2، کاہنہ میں 36.2، نشتر ٹاؤن میں 31.2، فرخ آباد میں 28، گلبرگ میں 23.4، مناواں میں 16 اور ہڈیارہ میں 15.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ شہر میں اوسطاً 59 ملی میٹر بارش نوٹ کی گئی۔ شدید بارش نے صرف سڑکوں ہی نہیں بلکہ بجلی کے ترسیلی نظام کو بھی متاثر کیا۔ بارش کے باعث لیسکو کے 55 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، جبکہ مختلف تکنیکی خرابیوں اور ٹرانسفارمرز میں مسائل کے باعث بھٹہ چوک، ہربنس پورہ، مصطفیٰ ٹاؤن، علامہ اقبال ٹاؤن، باغبانپورہ، سلامت پورہ اور دیگر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہی۔ بجلی کی بندش کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری جانب واسا لاہور نے مون سون کنٹرول روم سے شہر بھر میں نکاسیٔ آب آپریشن کی مسلسل نگرانی کی۔ ادارے کے مطابق ایک موریہ پل، قرطبہ چوک، شاہ جمال، وارث روڈ، ایمپریس روڈ، کوپر روڈ، لکشمی چوک، نابھہ روڈ، جی پی او روڈ، ریلوے اسٹیشن، علی بلاک گارڈن ٹاؤن، کریم پارک راوی روڈ، بی بلاک تاجپورہ، رسول پارک شمع روڈ، وحدت روڈ، ٹکہ چوک جوہر ٹاؤن اور اللہ ہو چوک سمیت متعدد اہم مقامات سے بارشی پانی نکال کر ٹریفک کی روانی بحال کر دی گئی۔ ایم ڈی واسا غفران احمد نے ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے، غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور نشیبی علاقوں میں بروقت نکاسیٔ آب کے لیے تمام وسائل استعمال کیے جائیں۔ بارش کے دوران ایم ڈی واسا غفران احمد فیلڈ میں متحرک رہے۔ انہوں نے مین بلیوارڈ گلبرگ، لبرٹی چوک مون سون ایمرجنسی ریلیف کیمپ اور دیگر حساس مقامات کا دورہ کیا۔ بعدازاں ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کے ہمراہ قذافی اسٹیڈیم کے اطراف سڑکوں اور ظہور الٰہی روڈ کا معائنہ کیا، جہاں متعلقہ افسران کو نکاسیٔ آب آپریشن کی مسلسل نگرانی، اہم شاہراہوں اور انڈر پاسز سے فوری پانی نکالنے اور مرکزی، سیکنڈری و ترتیری سڑکوں کی مکمل سوئیپنگ یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔