کینسر، ہیپاٹائٹس، شوگراور بلڈ پریشر سمیت متعدد ادویات 100 فیصد سے زائد مہنگی

07-22-2026

(لاہور نیوز) کینسر، ہیپاٹائٹس، شوگر، بلڈ پریشر سمیت مختلف بیماریوں کے علاج میں استعمال ہونے والی ادویات کی قیمتوں میں 100 فیصد سے زائد اضافے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے باعث مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔

رپورٹس کے مطابق فروری 2024 کے حکومتی نوٹیفکیشن کے تحت دوا ساز ادارے مقررہ قیمتوں پر ادویات فروخت کرنے کے پابند ہیں، تاہم عام استعمال کی متعدد ادویات مقررہ نرخوں سے زیادہ قیمت پر فروخت ہونے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جنرل ادویات کی قیمتوں پر مؤثر کنٹرول نہ ہونے کے باعث مارکیٹ میں من مانے نرخ وصول کیے جا رہے ہیں، جبکہ 34 اہم انجیکشنز، ویکسینز اور دیگر ضروری ادویات کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔ شہریوں اور مریضوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ادویات کی قیمتوں پر سخت نگرانی کی جائے، مقررہ نرخوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔