اوپن مارکیٹ میں آٹا، گندم اور روٹی ازخود مہنگی فروخت ہونے لگی
07-22-2026
(لاہور نیوز) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اگرچہ حکومت کی جانب سے گندم، آٹا اور روٹی کے سرکاری نرخوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، تاہم اوپن مارکیٹ میں ان اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ازخود اضافہ کر دیا گیا۔
اوپن مارکیٹ ذرائع کے مطابق گندم 4 ہزار 550 روپے فی من تک فروخت ہو رہی ہے، جبکہ 15 کلو آٹے کا تھیلا 1,950 سے 2,000 روپے، 20 کلو آٹے کا تھیلا 2,220 روپے اور 10 کلو آٹے کا تھیلا 1,110 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں متعدد تندوروں پر سادہ روٹی 20 سے 25 روپے جبکہ بعض مقامات پر 15 روپے میں بھی فروخت کی جا رہی ہے، لاہور کے پوش علاقوں، جن میں رائیونڈ، ملتان روڈ، جوہر ٹاؤن، فیصل ٹاؤن، واپڈا ٹاؤن، ویلنشیا، اقبال ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن اور گارڈن ٹاؤن شامل ہیں، بیشتر تندوروں پر روٹی 22 سے 25 روپے میں فروخت ہو رہی ہے، جبکہ انارکلی، مال روڈ، اسلام پورہ، سنت نگر، باغبانپورہ اور شاہدرہ میں روٹی 20 روپے میں دستیاب ہے، اسی طرح نان کی قیمت 30 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ نان روٹی ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ آٹے کی قیمت میں مسلسل اضافے سے روٹی کی پیداواری لاگت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور موجودہ سرکاری نرخ پر روٹی فروخت کرنا ممکن نہیں، جس کے باعث تندور مالکان کو مالی مشکلات کا سامنا ہے، ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ روٹی کے سرکاری نرخوں پر فوری نظرثانی کی جائے۔ دوسری جانب ضلعی حکام کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ کے مطابق روٹی 14 روپے میں ہی فروخت ہو گی اور مہنگی روٹی فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافے کے باعث محکمہ خوراک، ضلعی انتظامیہ، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔