مون سون بارشیں، کمشنر لاہور کی شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل
07-22-2026
(لاہور نیوز) کمشنر لاہور نعمان یوسف نے مون سون بارشوں کے پیش نظر شہریوں اور والدین سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کر دی۔
کمشنر لاہور نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو ندی نالوں اور نہروں میں نہانے سے سختی سے روکیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے، بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں کیونکہ گیلے کھمبے جان لیوا ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ لیسکو کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ بارش کے دوران اپنی ٹیموں کو مختلف علاقوں میں متحرک رکھا جائے تاکہ بجلی سے متعلق ہنگامی صورتحال پر فوری کارروائی کی جا سکے۔ نعمان یوسف نے شہریوں سے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کے رابطہ نمبرز پر اطلاع دیں تاکہ بروقت امدادی کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔