تین ہفتوں میں 4 لاکھ 64 ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا
07-22-2026
(لاہور نیوز) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کی ہدایت پر صوبہ بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کا عمل مزید تیز کر دیا گیا ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق گزشتہ تین ہفتوں کے دوران 4 لاکھ 64 ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے گئے، ایک لاکھ 65 ہزار سے زائد شہریوں نے نئے لرننگ لائسنس حاصل کئے، جبکہ ایک لاکھ 38 ہزار سے زائد افراد کو ریگولر ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے گئے، اسی عرصے میں ایک لاکھ 56 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ، ریگولر اور انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید بھی کروائی۔ ترجمان کے مطابق ایک ہزار سے زائد شہریوں کو گم شدہ ڈرائیونگ لائسنس دوبارہ جاری کئے گئے، جبکہ ڈھائی ہزار سے زائد افراد کو انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ فراہم کئے گئے، اس کے علاوہ 91 ہزار سے زائد شہریوں نے آن لائن لائسنسنگ سہولیات سے استفادہ کیا، جبکہ 2 لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد نے ای ڈرائیونگ لائسنس ڈاؤن لوڈ کیا۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانا قانوناً جرم ہے اور ایسے ڈرائیورز کے خلاف صوبہ بھر میں کریک ڈاؤن جاری ہے، بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کو جرمانوں سمیت سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں شہریوں کو باقاعدہ تربیت حاصل کرکے ڈرائیونگ کرنے کی ترغیب دی جا رہی ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور سیکھ کر گاڑی چلانے کے رجحان کے باعث ٹریفک حادثات میں کمی آئی ہے، ٹریفک قوانین کی پابندی ہی محفوظ سفر کی ضمانت ہے۔