رائیونڈ، مانگا روڈ پر ڈمپر اور کوسٹروں میں تصادم، 10 کی حالت تشویشناک
07-22-2026
(لاہور نیوز) رائیونڈ مانگا روڈ پر چھجو چوک کے قریب ڈمپر اور دو کوسٹروں کے درمیان خوفناک ٹریفک حادثے میں 21 افراد زخمی ہو گئے، جن میں 10 کی حالت تشویشناک ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دو کوسٹرز آپس میں ٹکرا گئیں جبکہ حادثے میں ملوث ڈمپر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، تصادم کی شدت کے باعث ایک کوسٹر بے قابو ہو کر بجلی کے پول سے جا ٹکرائی جبکہ دوسری کوسٹر الٹ گئی۔ حادثے کے بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو کوسٹروں سے نکال کر تحصیل ہیڈکوارٹر (THQ) رائیونڈ ہسپتال منتقل کیا، جہاں 10 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق اطلاع ملنے کے باوجود ریسکیو اہلکار جائے حادثہ پر تاخیر سے پہنچے، جس کے باعث ابتدائی امدادی کارروائیاں مقامی شہریوں نے انجام دیں، بعد ازاں ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر کوسٹروں میں پھنسے افراد کو نکالا اور مزید زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر رائیونڈ پولیس بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ فرار ہونے والے ڈمپر ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔