5 میڈیکل یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز کے اضافی چارجز کا نوٹیفکیشن جاری

07-21-2026

(لاہور نیوز) گورنر پنجاب بطور چانسلر کے اختیارات کے تحت پنجاب کی پانچ میڈیکل یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز کے اضافی چارجز دینے کے نوٹیفکیشن جاری کر دیے گئے۔

محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے 21 جولائی 2026 کو اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشنز جاری کیے، نوٹیفکیشن کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر محمد معین، پرو وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی (KEMU)، کو وائس چانسلر KEMU کا اضافی چارج سونپا گیا ہے۔ اسی طرح پرنسپل فیصل آباد میڈیکل کالج ڈاکٹر محمد فیصل بلال لودھی کو فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی (FMU)، پرنسپل فاطمہ جناح میڈیکل کالج لاہور پروفیسر ڈاکٹر عبدالحمید کو فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی (FJMU)، پرنسپل راولپنڈی میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد خرم کو راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی (RMU)، جبکہ پروفیسر ڈاکٹر نادیہ نسیم کو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (UHS) لاہور کے وائس چانسلر کا اضافی چارج تفویض کیا گیا ہے۔ مزید برآں نوٹیفکیشن  میں لکھا گیا کہ یہ اضافی چارج تین ماہ کے لیے یا مستقل وائس چانسلرز کی تقرری تک برقرار رہے گا، محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے اس حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کو مراسلے بھی ارسال کر دیے ہیں۔