ایڈووکیٹ جنرل پنجاب آفس میں جدید ای لٹیگیشن مینجمنٹ پورٹل کا افتتاح
07-21-2026
(لاہور نیوز) حکومت پنجاب کے قانونی معاملات کو ڈیجیٹل نظام سے مزید مؤثر اور شفاف بنانے کیلئے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب محمد امجد پرویز نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب آفس میں جدید ای لٹیگیشن مینجمنٹ پورٹل کا افتتاح کر دیا۔
تقریب کے دوران شرکاء کو لٹیگیشن مینجمنٹ سسٹم (LMS) کی خصوصیات اور عملی استعمال سے آگاہ کیا گیا، حکام کے مطابق اس پورٹل کے ذریعے حکومت پنجاب کے تمام محکمے ماتحت اور اعلیٰ عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کا ریکارڈ ایک ہی پلیٹ فارم پر حاصل کر سکیں گے، مقدمات کی پیش رفت کی آن لائن نگرانی اور متعلقہ اداروں کے درمیان بروقت معلومات کا تبادلہ بھی ممکن ہو گا۔ حکام کا کہنا تھا کہ نئے ڈیجیٹل نظام سے ایڈووکیٹ جنرل آفس اور سرکاری محکموں کے درمیان رابطہ مزید مضبوط ہو گا، مقدمات کی تیاری اور پیروی میں بہتری آئے گی، قانونی امور کے انتظام میں شفافیت، رفتار اور جوابدہی کو فروغ ملے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی پر مبنی یہ نظام حکومتی مقدمات کے مؤثر انتظام، بین المحکماتی رابطوں اور قانونی اصلاحات کے عمل میں اہم کردار ادا کرے گا۔