حکومت پنجاب نے جولائی تا دسمبر 2026 کے لئے نئے لیبر ریٹس نافذ کر دیئے
07-21-2026
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے جولائی تا دسمبر 2026 کے لیے نئے لیبر ریٹس نافذ کر دیے ہیں۔
محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق آئندہ چھ ماہ کیلئے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے مزدوروں کی یومیہ اور ماہانہ اجرتوں کا ازسرنو تعین کر دیا گیا ہے، محکمہ خزانہ نے مزدوروں کی اجرت پر آئندہ 6 ماہ کی اجرت پر نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق غیر ہنرمند مزدور کی یومیہ اجرت ایک ہزار 538 روپے مقرر کی گئی ہے، مستری، الیکٹریشن، پلمبر، ویلڈر اور دیگر ہنرمند مزدوروں کی یومیہ اجرت 2 ہزار روپے مقرر کر دی گئی ہے، اسی طرح مالی، چین مین اور دیگر نیم ہنرمند کارکنوں کی روزانہ اجرت ایک ہزار 560 روپے مقرر کی گئی ہے۔ محکمہ خزانہ کے مطابق ماہانہ بنیادوں پر خدمات انجام دینے والے مزدوروں کی کم از کم ماہانہ اجرت 40 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، نئے لیبر ریٹس کا اطلاق سرکاری ترقیاتی منصوبوں، تعمیراتی سکیموں اور سرکاری ٹھیکوں کے تخمینوں پر ہو گا، جس کے باعث منصوبوں کی لاگت اور تخمینوں میں بھی مناسب تبدیلی آئے گی۔