ممکنہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر پنجاب کے 43 سمارٹ سیف سٹی سینٹرز سے سرویلنس جاری

07-21-2026

(لاہور نیوز) پنجاب میں مون سون بارشوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے لاہور سمیت پنجاب کے 43 سمارٹ سیف سٹی سینٹرز سے نظر رکھی جارہی ہے۔

ترجمان سیف سٹی اتھارٹی کے مطابق  صوبہ بھر میں بارشوں اور ممکنہ ہنگامی صورتحال کی خصوصی مانیٹرنگ جاری ہےلاہور سمیت پنجاب کے 43 سمارٹ سیف سٹی سینٹرز سے سرویلنس کی جا رہی ہے سیف سٹی کے جدید کیمروں سے نشیبی علاقوں، ہاٹ سپاٹس اور چوکنگ پوائنٹس کی نشاندہی کی جارہی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ سمارٹ سیف سٹی سنٹرز ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو رئیل ٹائم الرٹس فراہم کر رہے ہیں جبکہ کیمروں سے حاصل ہونیوالی معلومات متعلقہ اداروں کو فوری کارروائی کیلئے فراہم کی جا رہی ہیں۔ ترجمان سیف سٹی کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 اور ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں مکمل طور پر فعال ہیں شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کریں۔